کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اور کراچی شوٹنگ بال اور باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان عید الفطر کے پہلے روز چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن سے ملاقات کی۔
انہیں کراچی کے شعبہ اسپورٹس سے تعلق رکھنے والے ذمہ داروں اور کھلاڑیوں کی جانب سے عید کی مبارکباد پیش کی اور چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن سے ان کی سندھ میں کھیلوں سے محبت ،فروغ اور سرپرستی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن کو مالی سال 2016-17کے بجٹ میں اسپورٹس بجٹ کو دُگنا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر حاجی غلام محمد خان نے سیکریٹری اسپورٹس محمد راشد کی سندھ میں کھیلوں کے خدمات کو سراہتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن سے درخواست کی کہ آئندہ ماہ ہونے والے ٹنڈو الہ یار اسپورٹس فیسٹیول کی سرپرستی فرمائیں جو انہوں نے قبول کرلی۔
اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن نے حاجی غلام محمد خان کو ہدایت کی کہ میری طرف سے تمام اسپورٹس آرگنائزر ،اسپورٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں کو عید کی مبارکباد دیں۔
انہوں نے وعدہ کیا کہ ٹنڈو الہ یار اسپورٹس فیسٹیول کے اختتامی تقریب میں اپنی شرکت کو یقینی بنا ئیں گے۔