لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ حکومت نہیں چاہتی احتساب ہو کیونکہ احتساب ہوا تو اربوں روپے کی ڈکیتیاں پکڑی جائیں گی ۔ پانامہ لیکس پر حکمرانوں کی چوری پکڑی گئی ہے اب یہ گھنٹی بجتی رہے گی۔
اعتزاز احسن نے لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز سے ملاقات کی اور لاہور شہر میں بچوں کے اغوا کی بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نے حکومت پر احتساب سے بھاگنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکمران اربوں روپے کی ڈکیتیاں بچانے کے لیے احتساب سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں ، حکومت ناکام ہو چکی ہے۔
چوہدری اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتا ۔ کوئی بیوقوف ہی چوہدری نثار کے پاس ایان علی اور ڈاکٹر عاصم کی سفارش لیکر جائے گا ۔ ان کا مزید کہنا تھا حکمران کمیشن ایجنٹس بنے ہوئے ہیں ، ہر ارب میں انکا ٹانکا بڑھ جاتا ہے یہ ٹانکا حکومت ہے۔