سکھر (جیوڈیسک) سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ہم کوئی ایسی حکمت عملی نہیں اپنائیں گے جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے۔ ماضی میں پیپلز پارٹی میں گروپ بنانے کی کوشش کرنے والے خود ختم ہو گئے۔ حیدر آباد اور سکھر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نیوزیر اعظم پاکستان سے کبھی استعفٰی کا مطالبہ نہیں کیا، پاکستان مسلم لیگ( ن) کے تین چار وزراء ایسے ہیں جن کو جمہوریت اور وزیر اعظم کا سکون اچھا نہیں لگتا ہے۔
پاناما لیکس کا معاملہ دیگر ممالک کی طرح حل کیا جانا چاہئے۔ ہم کسی بھی سازش میں شریک نہیں ہیں، جان بوجھ کر ایسی پالیسی بنائیں جا رہی ہیں ایک صوبہ سکون میں اور دوسرے مشکل میں رہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو بحرانوں میں آصف علی زرداری ہی یاد آتے ہیں وزیر اعظم نے اب درست بات کی کہ پیپلزپارٹی اپنا کردار ضرور ادا کرے گی۔ وزیر اعظم کو بھی اپنے کردار پر غور کرنا چاہئے۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ شہباز شریف نے بجلی بحران پر وفاق کے خلاف احتجاج کیا تھا ہمیں مجبور نہ کیا جائے، ہم نہیں چاہیں گے کہ اپنے شریف وزیر اعلی سے بجلی کے معاملے پر سڑکوں پر آنے کا مطالبہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پیر صاحب پگارا کا پورا ملک ہے ان کو پورے ملک میں سیاست کرنے کا حق ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنسں میں تین چار چاچا ایسے ہیں جن کے لیے بات کرتا ہوں جس نے بھی پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی سازش کی وہ خود ختم ہوگیا آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری میں کوئی اختلاف نہیں۔