(ن) لیگی ایم پی اے کی نااہلی کیخلاف اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور

Mohammad Kashif

Mohammad Kashif

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی محمد کاشف کی نااہلی کے خلاف اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرلی۔

سپریم کورٹ میں رکن صوبائی اسمبلی محمد کاشف کی نااہلی کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بہاولنگر کے رکن صوبائی اسمبلی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نااہل نہیں کرسکتی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا، درخواست گزار کی ڈگری کو یونیورسٹی درست قرار دے چکی۔

مخالف امیدوار کے وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن پورے ملک میں انتخابات کرواتا ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے، خواجہ آصف کو بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے نااہل کیا تھا۔

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ خواجہ آصف رکن قومی اسمبلی تھے جب کہ درخواست گزار صوبائی اسمبلی سے تعلق رکھتے ہیں، دائرہ اختیار کا پہلو نہایت اہم ہے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

بعد ازاں عدالت نےکیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔