پاناما لیکس؛ ایم کیوایم نے بھی وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم سے از خود استعفیٰ دینے کا مطالبہ کردیا۔

ایم کیوایم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کاہنگامی اجلاس ندیم نصرت کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے کراچی کے خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پانامہ لیکس سے پیدا ہونے والے بحران نے نہ صرف پوری قوم میں ہلچل پیداکردی ہے بلکہ اس مسئلہ پر قوم کوتقسیم درتقسیم کردیا ہے۔
رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مزید کہا گیا کہ جب حکومتی ذمہ داروں یا دیگر اعلیٰ شخصیات کا نام کسی بھی بدعنوانی میں آتا ہے، خواہ وہ صحیح ہویاغلط، تو وہ اعلیٰ شخصیات رضاکارانہ طورپر اپنے اعلیٰ مناصب سے استعفیٰ دے کر خود کو احتساب کے لیے پیش کردیتی ہیں اوراحتساب کے حتمی نتیجے کے سامنے آنے کاانتظارکرتی ہیں، آج مختلف حلقے پاناما لیکس کے حوالے سے وزیراعظم کومسلسل ہدف تنقید بنارہے ہیں اوراس کے لیے بڑی بڑی دلیلیں بھی سامنے لارہے ہیں، ملک وقوم اس مسئلے پر ایک بحرانی کیفیت میں مبتلا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کا یہ اقدام خوش آئند ہے کہ انہوں نے پاناما لیکس کے حوالے سے تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام کا اعلان کیا لیکن اگراس حوالے سے تحقیقات مکمل ہونے تک وزیراعظم اپنے عہدے پرفائزرہیں گے تو ان کے سیاسی مخالفین تحقیقات کی شفافیت، غیرجانبداری اور نتائج پر بھی سوال اٹھائیں گے لہٰذا جب تک پاناما لیکس کے حوالے سے تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتیں وزیراعظم نوازشریف بڑے پن کامظاہرہ کرتے ہوئے ازخود استعفیٰ دے کر ملک کو پاناما لیکس سے پیداہونے والی بحرانی صورتحال سے باہرنکالیں۔