ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جوہی چاولہ نے اداکار سلمان خان کے ساتھ کسی فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ بالی ووڈ میں 25 سال بعد گزارنے کے بعد جوہی چاولہ نے حال ہی میں ایک ہالی ووڈ فلم ’’ہنڈرڈ فٹ جرنی ‘‘ میں بطور مہمان اداکارہ کے کام کیا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ انھوں نے ماضی میں بالی ووڈ کے سپر اسٹارز اداکار عامر خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں مگر ابھی تک سلمان خان کے ساتھ کسی بھی فلم میں کام نہیں کیا۔
حال ہی میں قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ جوہی چاولہ اداکار سلمان خان کے ساتھ ایک فلم میں آ رہی ہیں لیکن اداکارہ نے ایسی کسی بھی پیشرفت سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ ’’میری خواہش ہے کہ میں سلمان خان کے ساتھ فلم میں آؤں لیکن ابھی تک ایسی کوئی بھی فلم نہیں ہے۔‘‘ جوہی نے بتایا کہ اس سے پہلے لکھنو ٔکے دورے کے موقع پر میڈیا سے پرہیز ہی کی جاتی رہی ہے تاہم اس مرتبہ مجھے کچھ احساس ہوا کہ میں اس شہر کی عظیم تعمیرات خاص طور پر سیالی علاقے دیکھوں‘ میں تو ممبئی میں رہتی ہوں تو جب میں کسی دوسرے شہر جاتی ہوں جیسا کہ لکھنؤ اور کانپور تو مجھے تاریخی گھر‘ کھلی جگہیں دیکھنے میں خوشی ہوتی ہے مگر اب لگتا ہے کہ لکھنؤ بھی ہمارے ممبئی کی طرح ہی ہوتا جا رہا ہے۔
جوہی چاولہ نے بتایا کہ 25 سال ہو گئے ہیں اور سچی بات کروں تو جب میں فلم انڈسٹری میں آئی تھی تو مجھے نہیں لگتا تھا کہ میں اس فلم انڈسٹری میں 25 دن بھی رہ پاؤں گی‘ یہ میرے لیے باعث رحمت ہی ہے کہ اتنے سارے سال گزر جانے کے بعد بھی لوگ آج بھی مجھے فلموں میں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ اگرچہ ’’قیامت سے قیامت تک ‘‘ بڑی ہٹ فلم تھی ‘ اس وقت میں فلم انڈسٹری میں نئی تھی اور میں درحقیقت سمجھ نہیں پائی تھی کہ یہ کیا ہوا ہے لیکن کچھ کامیابیوں کے بعد یہاں تک کہ کچھ فلاپ فلمیں بھی دیں ‘ میری زندگی میں ہر قسم کے لمحات آئے ہیں۔
ان میں سے ایک کا ذکر کرتے ہوئے جوہی نے کہا ’’فلم ڈر کی کامیابی کے بعد میں بہت اونچا اڑ رہی تھی اور میرے ذہن نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور تب میں نے کچھ نامناسب فیصلے لیے تھے اور کئی اچھی پیشکش ٹھکرا دی تھیں جو کہ بعد میں سپر ہٹ فلمیں ثابت ہوئیں‘ مثال کے طور پر میں نے یش راج کی فلم ’’دل تو پاگل ہے ‘‘ میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اسی طرح پھر ’’راجہ ہندوستانی‘‘ کی آفر بھی ٹھکرا دی تھی‘ میں یہ فلم کرلیتی اگر اس میں ’’کس‘‘ کرنے والا سین نہ ہوتا‘ اس کے بعد فلم ’’جدائی ‘‘ کو بھی ٹھکرا دیا‘ ان فلموں کو کبھی نہیں بھلا سکتی‘ اگر میں پیچھے چلی جاؤں تو میں ان فلموں میں کام کرنا چاہوں گی جو میں نے مسترد کر دی تھیں‘ یہی وہ چیز ہے جس سے میں اپنا کیریئر تبدیل کر سکتی ہوں۔‘‘