امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی کانگریس میں خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن ریپبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز نے مصری گیس کی شام کے راستے لبنان تک سپلائی کے منصوبے کی وجہ سے لبنان کو سخت انتباہ بھیجتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لبنان نے امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی تو بیروت کو بھی کڑی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے لبنان میں امریکی سفیر ڈوروتھیا شی کی اس یقین دہانی کے جواب میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ شام سے گذرنے والی گیس پائپ لائن کی وجہ سے واشنگٹن لبنان پر پابندیاں عائد کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا ہے۔ یہ بہت برا مشورہ ہے۔ لبنان کبھی بھی امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کے بارے میں نہ سوچے۔ کانگریس بائیڈن کی ٹیم کو ایران کے پراکسیوں خاص طور پر اسد جیسے خونخوار ظالموں کو مالا مال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ان پر امریکی پابندیاں لگائی جائیں گی۔
جمعہ کو لبنانی وزیر اعظم نجیب میقاتی کے دفتر نے کہا کہ امریکی سفیر نے لبنانی حکومت سے کہا ہے کہ اسے خطے کے ممالک سے توانائی کی سپلائی حاصل کرنے کے منصوبوں کے بارے میں امریکی پابندیوں کے قانون کے بارے میں کوئی تشویش نہیں ہونی چاہیے۔
لبنان جو شدید مالیاتی بحران کا شکار ہے عرب ممالک سے توانائی کی سپلائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ اندرون ملک شدید قلت کو دور کیا جا سکے۔ تاہم یہ گیس کی سپلائی شام کی سرزمین سے گذرے گی جو امریکی پابندیوں کا شکار ہے۔