بیروت (اصل میڈیا ڈیسک) لبنان کے دارالحکومت بیروت میں پارلیمنٹ ہائوس کے باہرسیکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتنے اٹھا رکھے تھے جن پرملک میں سیاسی تبدیلی اور کرپشن سیاست دانوں اور عہدیداروں کے احتساب کے حق میں مطالبات درج تھے۔
لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کے ہیڈ کواٹر سے گذرنے والی ایک ریلی بھی پارلیمنٹ کے باہر جمع ہونے والے مظاہرین میں شامل ہوگئی۔ مظاہرین نے کرپشن کے خلاف اور ملک میں عوام کی منشاء کے طابق سیاسی تبدیلی کے حق میں نعرے لگائے۔
خیال رہے کہ لبنانی پارلیمنٹ کے باہر یہ احتجاج ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے دو روز قبل حزب اللہ ملیشیا کے عناصر کی بڑی تعداد نے بیروت اور دوسرے شہروں میں احتجاج کرنے والے شہریوں کے کیمپوں پر حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ دو روز قبل پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والے احتجاج کے دوران 25 افراد زخمی ہوگئے تھے جب کہ پولیس نے تین افراد کو حراست میں لے لیا۔