لبنان (جیوڈیسک) لبنان کے وزیرِاعظم سعد حریری نے اپنی زندگی کو لاحق خطرات کی وجہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
سعد حریری نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ ایک نیوز کانفرنس میں اچانک مستعفی ہونے کا اعلان کر کے سب کو حیرت زدہ کر دیا۔
یاد رہے کہ سعد حریری کے والد رفیق حریری سال دو ہزار پانچ میں ایک کار بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے تھے اور اس کے بعد ملک میں شروع ہونے والے سیڈر انقلاب یا انقلاب دیار میں پرتشدد ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔
انہوں نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا ” ہم ایک ایسی صورتحال سے گذر رہے ہیں جیسی کہ رفیق حریری کے قتل سے پہلے تھی۔ میں نے اپنے قتل کی درپردہ کوششوں کو محسوس کیا ہے اور ان کی بنیاد شہید رفیق حریری کے وہ اصول اور انقلاب سیڈر کی اقدار ہیں جن پر میں یقین رکھتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے عوام کے لوگوں کو مایوس نہیں کرنا چاہتا اور نہ ہی ایسی کوئی بات مجھے قابلِ قبول ہے جو ان اقدار کی نفی کرتی ہو اس لیے میں لبنانی حکومت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔