لیڈز (جیوڈیسک) لیڈز ٹیسٹ میں مہمان ٹیم 91 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی، آئی لینڈرز نے دوسرے دن کا کھیل کم روشنی کے سبب روکے جانے تک بغیر کسی نقصان کے ایک رن بنایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لیڈز ٹیسٹ کے دوسرے ہی دن انگلینڈ نے سری لنکا پر شکنجہ کس دیا، انگلش پیسرز جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے 9 وکٹیں باہمی طور پر تقسیم کرتے ہوئے آئی لینڈرز کو 91 رنز پر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا، اینڈرسن نے 11.4 اوورز میں 16رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا جب کہ براڈ نے 21 رنز دیکر 4 وکٹوں کا سوداکیا، ایک وکٹ بین اسٹوکس کے حصے میں آئی۔
سری لنکا کی جانب سے کپتان انجیلو میتھیوز 34 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے، لاہیرو تھریمانے 22، دنیش چندیمل 15 اور کوشل سلوا 11 رنز کے ساتھ انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے، کم روشنی کے سبب کھیل روکے جانے تک فالوآن سے دوچار مہمان ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ایک رن بنایا تھا، انگلینڈ کو ابھی 206 رنز کی سبقت حاصل ہے۔
اس سے قبل میزبان ٹیم نے دن کا آغاز اپنی پہلی نامکمل اننگز کو 171-5 سے کیا، وکٹ پر موجود جونی بیئراسٹو 54 اور الیکس ہیلز71 کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 141کی ساجھے داری قائم ہوئی، ہیلز 86رنز بنانے کے بعد ہیراتھ کے بچھائے ہوئے جال میں پھنس گئے، ان کا کیچ چمیرا نے قابو کیا، بیئراسٹو نے 140 کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، اسٹیون فن 17رنز بناکر ان کے معاون بنے، دشمانتھا چمیرا اور شناکا نے 3،3 وکٹیں لیں۔