امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر صرف قانونی حیثیت رکھنے والے ووٹوں کی گنتی کی جائے تو وہ بآسانی صدارتی انتخابات جیت جائیں گے۔
ایک ٹویٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ “مبصرین کو اپنی ذمے داریاں انجام دینے سے روک دیا گیا ، اس عرصے میں گنے جانے والے ووٹ کالعدم ہیں”۔
امریکی صدر کے مطابق سپریم کورٹ ان ووٹوں کی قانونی حیثیت کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔
اس سے قبل جمعرات کے روز وائٹ ہاؤس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے اپنے حریف پر انتخابات چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ ریپبلکن پارٹی ایوان نمائندگان میں کوئی نشست نہیں کھوئے گی۔ اسی طرح امریکی صدر نے مقامی میڈیا پر بھی انتخابات میں مداخلت کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے رائے عامہ سے متعلق سروے رپورٹوں کو جعلی قرار دیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ تمام مرکزی ریاستوں میں بڑے فرق کے ساتھ کامیاب ہوئے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ای میل کے ذریعے ووٹنگ نے انتخابی نظام کو برباد کر ڈالا۔
ابھی تک سامنے آنے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق الیکٹورل کالج میں ڈیموکریٹک امیدوار جو بائڈن نے 264 اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 214 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ بائڈن کے صدارتی انتخابات جیتنے کے لیے اب صرف 6 الیکٹورل ووٹ کی ضرورت ہے۔