کراچی (جیوڈیسک) 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہونے والے معین اختر نے 60 کی دہائی میں کیرئر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا۔ معین اختر نے پرفارمنگ آرٹس کے مختلف شعبوں میں اپنا لوہا منوایا۔ اسٹینڈ اپ کامیڈی ان کا خاصہ تھی۔
انہوں نے کئی یادگار پروگراموں کو بطور میزبان بھی چار چاند لگائے۔ ان کے یادگار ڈراموں میں روزی، ہاف پلیٹ، عید ٹرین، فیملی 93 اور سچ مچ شامل ہیں جبکہ راز، سب کے باپ اور مسٹر کے ٹو نامی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ معین اختر کئی زبانوں پر عبور رکھتے تھے۔ ان کے انداز مزاح میں نصیحت بھی ہوتی تھی۔
انور مقصود کے لکھے ہوئے یادگار ڈراموں میں مختلف کرداروں میں ڈوب کر ایسی جاندار اداکاری کی زمانہ انکا دیوانہ رہا۔ انہیں پاکستان کے سب سے بڑا سول اعزاز پرائڈ آف پرفارمنس کے علاوہ دیگر کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ شو بز انڈسٹری کا یہ دمکتا ستارہ 22 اپریل 2011 کو ہمیشہ کے لیے ڈوب گیا۔