لندن (جیوڈیسک) برطانیہ میں پاکستانی ڈاکٹر توفیق عبدالستار کے خاندان کو زندہ جلانے کی وجہ سامنے آگئی، استغاثہ کے مطابق ملزمان نے بدلہ لینے کے لیے غلط گھر کو آگ لگا دی۔لیسٹر میں پاکستانی خاندان کے چار افراد کے قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ وکیل استغاثہ نے بیا ن دیا کہ حملہ آور نے اپنے دوست کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے غلط گھر کو آگ لگائی، وہ جس خاتون کے گھر کو آگ لگانا چاہتے تھے وہ ڈاکٹر توفیق عبدالستار کے گھر سے دو گھر چھوڑ کر واقع تھا۔
گذشتہ برس ستمبر میں 8 افراد نے لیسٹر میں پاکستانی نژاد نیورو سرجن کے گھر کو آگ لگا دی تھی جس کے نتیجے میں ڈاکٹر توفیق کی بیوی، بیٹی اور دو بیٹے جاں بحق ہوگئے تھے۔ ملزمان نے اب تک جرم قبول نہیں کیا ہے جبکہ مقدمے کی کارروائی مزید دو ماہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔