لاہور: لیسکو کی غفلت کے باعث کاہنہ دیہی مرکز صحت 6 روز سے بجلی سے محروم، ٹرانسفارمر جل جانے سے مریض دربدر،تفصیلات کے مطابق کاہنہ دیہی مرکزصحت کا عید کے روز ٹرانسفارمر خراب ہو گیا، جس کی شکائت کاہنہ سب ڈویژن واپڈا میں متعددبارکروائی گئی لیکن لیسکوعملہ عید کی چھٹیوں کا بہانہ بنا کر ٹال مٹول سے کام لینے لگا ،ہسپتال میں سرکاری طورپر چلنے والے جرنیٹرنے بھی کام کرنا چھوڑدیا،حبس اور گرمی سے ہسپتال انتظامیہ اور مریض بلبلا اٹھے،ایس ایم او کاہنہ دیہی مرکزصحت ڈاکٹرذوالفقار نے عوامی پریس کلب کاہنہ کے دریافت کرنے پر بتایا کہ عید کے دن سے ہسپتال کا ٹرانسفارمر خراب ہوا پڑا ہے جس کی فوری کمپلین متعلقہ کاہنہ سب ڈویژن واپڈا میں کروائی گئی جس پر لیسکوعملے نے متبادل ٹرانسفارمررکھنے کی بجائے ہسپتال انتظامیہ سے پچاس ہزارروپے کا مطالبہ کردیا ،ڈاکٹرذوالفقارنے مزیدبتایا کہ سرکاری ہسپتال میں پنجاب حکومت کی طرف سے تمام سہولیات دی گئی ہیں جن میں ایمرجنسی لائٹس،جرنیٹر،یو پی ایس لیکن بجلی نہ ہونے سے وہ بھی جواب دے گئیں ہیں۔
ڈاکٹرذوالفقارکا مزیدکہنا تھا کہ ہسپتال میں روزانہ کی بنیادپر زچگی کیسز24گھنٹے کئے جاتے ہیں جن میں لائٹس ہونا لازمی ہوتا ہے،لیکن چھ روز سے زچگی کیسزایمرجنسی لائٹس استعمال کرکے کئے جارہے ہیں، لیسکوعملے کی ہٹ دھرمی اور غفلت کے باعث زچگی کیسزبھی سخت حبس،گرمی اورایمرجنسی لائٹس سے کئے جارہے ہیں۔انہوں نے چیئرمین واپڈا اور وفاقی وزیرپانی وبجلی سے پرزورمطالبہ کیا ہے کہ کاہنہ سب ڈویژن واپڈا کے اس روئیے کیخلاف فوری ایکشن لیا جائے۔