کم سے کم شیڈول کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جائے: راجہ خرم شہزاد
Posted on January 11, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ: ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر نے کہا ہے کہ بغیر شیڈول لوڈ شیڈنگ سے کاروباری طبقہ اور مزدوروں میں پائی جانیوالی پریشانی کو دور کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کم سے کم شیڈول کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جائے تاکہ لوگ اپنے روزمرہ کے کاروبار کو جاری رکھتے ہوئے مسائل کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔
یہ بات انہوں نے لوڈ شیڈنگ کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں ایکسین فیسکو جھنگ ڈویژن نذر محمد ڈب،ڈی او سی خالد راجو،صدر لیبر یونین، ڈی ایس پی سٹی، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران، نمائندہ جھنگ چیمبر آف کامرس اور انجمن تاجران کے دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
ڈی سی او نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النٰبی کے موقع پر باالخصوص اربن فیڈرز سے ملحقہ علاقوں میں بجلی بند نہ کی جائے اور فیکٹری ایریا میں دن کے وقت لوڈ شیڈنگ سے اجتناب کیا جائے تاکہ ورکر بے روزگار ہونے سے بچ سکیں۔
اس دوران ایکسین فیسکو نے بتایا کہ پوری فیسکو میں روزانہ ٹیوب ویل، اربن، رورل اور انڈسٹریل ایریا کیلئے یکساں آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
جھنگ کیلئے 924 میگا واٹ کا کوٹہ منظور ہے جس میں سے 250/300 میگا واٹ کے قریب بجلی فراہم ہورہی ہے جونہی اس میں بہتری آئے گی تو خودبخود لوڈ شیڈنگ میں کمی آنا شروع ہو جائیگی۔
اس موقع پر صدر ورکر یونین نے بغیر شیڈول کئی کئی گھنٹے بجلی بند ہونے سے کاروباری طبقہ کو ہونے والے نقصان اور مزدوروں کو کام نہ ملنے سے پیدا ہونیوالے حالات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com