واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ حالات جوں کے توں چھوڑے نہیں جا سکتے، مہلک ہتھیاروں تک رسائی نا قابل معافی ہے۔
غیرملکی میڈیاکے مطابق اپنے ہفتہ وارخطاب میں انھوں نے کہاکہ اکثر وبیشتر یہ اسلحہ وہاں پہنچ جاتا ہے جہاں ہمارے بیٹے اوربیٹیاں ہر روز جاتے ہیں، یعنی ان کے اسکول، عبادت گاہوں، مووی تھیٹر اور نائٹ کلبس۔ انھوں نے ملک بھر کے والدین کے بارے میں بہت سوچا ہے جنھیں اپنے بچوں کو وضاحت پیش کرنی پڑتی ہے کہ اورلینڈو میں کیا ہوا،جہاں ایک اکیلے سرپھرے مسلح شخص نے ایک گے نائٹ کلب میں گولیاں چلائیں، جس میں 49 افراد ہلاک ہوگئے۔
اوباما نے کہا کہ دہشت گردی اور اسلحے کے زور پر پرتشدد حملے میں ہلاک ہونے والوں کیلیے ہم نے ہر بارکچھ لمحات کی خاموشی اختیار کی لیکن ہماری جانب سے کوئی اقدام نہ کیا جانا ناقابلِ معافی ہے۔اوباما نے کہا کہ اگرہم اپنے بچوں کو محفوظ، شفقت بھرا ماحول دینا چاہتے ہیں۔ تو اِس کے لیے ہمیں ایک دوسرے سے بات کرنی ہوگی۔ اس ضمن میں حالات کو جوں کا توں چھوڑنا کسی کے حق میں نہیں۔ صدر اوباما نے کہاکہ ہمیں بچوں کوغیرمشروط پیاراور حمایت دینی ہے، انھیں درست اورغلط کا فرق بتانا ہے،انھیں محبت نہ کہ نفرت کی تلقین کرنی ہے اور یہ کہ وہ ہمارے اختلافات کوسمجھیں،خوف نہ کھائیں، ان کی پرورش درست تحائف دے کرکی جانی چاہیے۔