لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہنوں نے دبئی میں پراپرٹی کیسے خریدی، ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا۔
عمران خان اس کا حساب دیں۔ وزیراعظم نوازشریف سے پانامہ لیکس پر وضاحتیں مانگنے والوں کے اپنے نام بھی پانامہ لیکس میں آگئے۔ اب یہ لوگ قوم کے سامنے اپنی وضاحت پیش کریں۔ انکا کہنا تھا کہ اپوزیشن کسی بھی طریقے سے وزیراعظم کو عہدے سے ہٹھانا چاہتی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جمہوریت کی گاڑی چلتی رہے گی اورکسی بھی صورت ڈی ریل نہیں ہوگی۔
وزیراعظم نے قوم سے جووعدے کئے وہ پورے کریں گے۔ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جھوٹ اور بہتان تراشی پر مبنی سیاست سب کو نقصان پہنچا رہی ہے. انہوں نے کہا کہ ہم پر تنقید کرنیوالے ناچ گانے سے جلسوں میں لوگ اکھٹے کرتے ہیں۔ آج عدلیہ اور میڈیا آزاد ہیں ان کی آزادی کو کسی بھی صورت صلب نہیں کیا جاسکتا۔