اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کل ٹی اوآرز پر اپوزیشن کی میٹنگ ہے اور میٹنگ کے بعد سپریم کورٹ جائیں گے۔ سپریم کورٹ جانے کے لیے پٹیشن تیار کر لی ہے۔ عمران خان نے کہا پیسے بھجوانے کے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں۔ شیمروک اکاؤنٹ میں ساڑھے 3 لاکھ ڈالر بھجوائے گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا اگلی اتوار گجرات میں جلسہ کریں گے اور اس کے بعد اگلی اتوار جہلم میں جلسہ کریں گے۔ اگر 3 ستمبر تک جواب نہ آیا تو گوجرانولہ سے لاہور مارچ کریں گے۔ لاہور میں پھر اپنا اگلا لائحہ عمل بتائیں گے۔
کپتان نے کہا میری مقبولیت ختم بھی ہو جائے فرق نہیں پڑتا پاناما لیکس معاملے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا کیونکہ کرپشن کی وجہ سے ملک کے تمام اداروں کی کارکردگی متاثر ہے۔ وزیراعظم جرم کرتا پکڑا جائے اور چپ کر کے نہیں بیٹھ سکتے۔ عمران خان نے کہا نریندر مودی کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہوں اور نواز شریف کو بھی تجارت کو پیچھے چھوڑ کر بطور وزیراعظم مودی کے بیان کی مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا میری کوشش کو سولو فلائیٹ نہیں کہا جا سکتا۔ پانچ ماہ سے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔ حکومت جواب دینے کے بجائے دوسروں کو چور کہنا شروع کر دیتی ہے۔ جمہوریت میں حکومت کا کام الزام لگانا نہیں ایکشن لینا ہوتا ہے۔
نیب کو شرم نہیں آتی چھوٹے لوگوں کو پکڑ رہا ہے۔ کپتان نے قومی اسمبلی میں نہ جانے کے سوال پر کہا نواز شریف نے ایوان کو مذاق سمجھ رکھا ہے اور پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا۔ وزیراعظم اسمبلی میں جواب نہیں دیتے تو وہاں جانے کا کیا فائدہ ہے۔