لاہور (جیوڈیسک ن لیگ کے رہنما اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات میں انکوائری کمیشن ایکٹ میں ترامیم کا مسودہ پیش کیا اور ٹی او آرزپر حکومتی پوزیشن واضح کی۔
منصورہ لاہور میں ہونے والی ملاقا ت میں سراج الحق کے ساتھ لیاقت بلوچ اور میاں اسلم بھی موجود تھے جبکہ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کی معاونت انوشہ رحمٰن نے کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا حکومت چاہتی ہے کہ پاناما لیکس میں آنے والے ہر پاکستانی کی تحقیقات کی جائیں، صرف وزیر اعظم کو ہدف نہ بنایا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک رقوم منتقل کرنے والے ہر شخص کی تحقیقات کی جانی چاہئیں، وزیر اعظم ہونے کے ناطے میاں نوازشریف پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
ملاقات میں سعد رفیق نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن ایکٹ 1956ء کا ترمیمی مسودہ تیار کرلیا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو دیا جارہا ہے کہ وہ اپنی جماعتوں میں مشاورت کرلیں۔
انہوں نے مسودہ قانون پر ردعمل وکلا سے مشاورت کے بعد دینے کا وعدہ کیا۔