لندن (جیوڈیسک) پاناما لیکس میں اپنے والد کی آف شور کمپنی کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرنے کے الزامات کے بعد برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنی ٹیکس تفصیلات جاری کردیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے گزشتہ دو برسوں کی ٹیکس تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ لندن میں اپنے آبائی گھر کے کرائے کے 46 ہزار 899 پاؤنڈ کا 50 فیصد حصہ لیا، 15-2014 میں مجموعی طور پر 2 لاکھ پاؤنڈ آمدن حاصل ہوئی جس میں سے 76 ہزار پاؤنڈ ٹیکس ادا کیا۔ ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے کہ اس مسئلے سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم کی جانب سے اپنی ٹیکس تفصیلات جاری کرنے کے باوجود اپوزیشن کی جانب سے ان کے خلاف مظاہرے جاری ہیں اور ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر جرمی کاربن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ڈیوڈ کیمرون نے آف شور کمپنی کے معاملے پر عوام کو گمراہ کیا اس لئے وہ قوم کا اعتماد کھو چکے ہیں، انھیں مستعفی ہو جانا چاہیئے۔