اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے بنائے گئے ٹی او آرز پر حکومتی اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بنائے گئے ٹی او آرز حکومت کو موصول ہو گئے ہیں لیکن ہمیں اس پر شدید تحفظات ہیں، اپوزیشن کے ٹی او آرز آئین اور قانون سے مطابقت نہیں رکھتے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپوزیشن کے کہنے پر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا، استعفی کا مطالبہ تو تحقیقات سے وابستہ ہے لیکن ہمارے اپوزیشن کے دوست ٹی او آرز کے معاملے پر عوام کو تذبذب میں ڈال کر اس معاملے کو بھی متنازع بنانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، پرویز رشید، زاہد حامد کے علاوہ مولانا فضل الرحمان، اعجاز الحق اور حاصل بزنجو سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔