کراچی (جیوڈیسک) سعودی سول ایوی ایشن نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کی پروازوں کی بندش کا نوٹس جاری کردیا جس کے باعث عمرہ پروازیں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سعوی سول ایوی ایشن پی آئی اے انتظامیہ کو واجبات کی عدم ادائیگی پر گزشتہ ایک ہفتے سے نوٹس جاری کررہی ہے تاہم واجبات کی عدم ادائیگی پر گزشتہ روز سعوی سول ایوی ایشن نے حتمی وارننگ جاری کی ہے جس کے مطابق 17 اپریل سے پی آئی اے کی پروازوں کو بند کردیا جائے گا۔
سعودی سول ایوی ایشن کی وارننگ سے متعلق سعودی عرب میں پی آئی اے کی انتظامیہ ایک ہفتے سے ہیڈ آفس کو وارننگ سے آگاہ کررہی ہے تاہم ابھی تک واجبات ادا نہیں کئے گئے۔ پی آئی اے کے ذمے واجبات میں جہازوں کی پارکنگ اور ایئرپورٹ پر دیگر سہولتوں کے ساتھ ساتھ سال 2005 سے 5 لاکھ ریال کی رقم بھی شامل ہے۔