لیاقت بلوچ و دیگر رہنمائوں کا سکردو اور استور میں عزم انقلاب و اتحاد امت کانفرنس سے خطاب
Posted on November 6, 2013 By Majid Khan لاہور
لاہور : جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل وملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اسلام دشمن طاقتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں،ہمیں فرقہ بندی ،علاقائی تعصب اور شدت پسندی سے نکل کر دفاع پاکستان اور اتحاد امت کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی،طاغوتی قوتیں یہاں پر مسلمانوں کو تقسیم کر کے لڑا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں،آج امت مسلمہ کو جو مسائل درپیش ہیں ان سے نکلنے کے لیے ہمیں اتحاد امت اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ امریکہ ،اسرائیل اور بھارت مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ،مصر،تیونس،الجزائر اور ایران کی تبدیلی اور جمہوریت انہیں پسند نہیں بلکہ وہ معاشرے کو لادین اور مادر پدر معاشرہ بنانے کے لیے گروپوں میںتصادم کروا کر حالات خراب کر رہے ہیں۔جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوںنے استور میں عزم انقلاب و ا تحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی طور پر محروم رکھا گیا ہے پیکج کے نام پر عوام کو سبز باغ دکھائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پورے خطے میں بیرونی طاقتیں یہاں کے مزاروں پر مسجدوں میں امام بارگائوں میں اور سکولزکے بچوں پر دھماکے کرواتے ہیں یہ سب اسلام کو بدنام کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے یہ ثابت کردیا ہم نے ہمیشہ ہی کہا کہ امریکہ پاکستان میں امن نہیں چاہتا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان عبدالرشید ترابی نے کہا کہ گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا تاریخی اہمیت کا حامل جزو ہے یہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کا راستہ ہے ،طاغوتی قوتیں نہیں چاہتی کہ یہ سلسلہ قائم رہ سکے اس لیے اس خطے کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں،اخوت اور محبت کی فضا کو قائم کرنے کے لیے اور امن کے خلاف برسرپیکار قوتوں کو ناکام بنانے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور سیاسی قیادت کو اتحاد کے ساتھ ان مسائل کی نشاندہی کرنا ہو گی۔کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے علامہ جواد حافظی نے کہا کہ اتحاد امت کے لیے جماعت اسلامی کی کوشش قابل تحسین ہیں جب بھی کوئی مشکل وقت پاکستان پر آیا تو جماعت اسلامی نے صف اول میں اپنا کردار ادا کیا ۔قاضی حسین احمد اور مولانا مودودی کی فکر رکھنے والے لوگ پوری دنیا میں موجود ہیں جو دین کے غلبے کے لیے کوشش کر رہے ہیں ۔اہلسنت و الجماعت کے راہنما مولانا ابراہیم خلیل نے کہا کہ ہمیں اپنے تمام اختلافات کو بھلا کر اس ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو سمجھنا ہو گا،یہود کے ایجنٹ یہاں کے لوگوں کو لڑا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں،اس موقع پر مولانا عارف نور بخشی،مولانا محمد علی جوہر اہلحدیث اور جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے امیر مولانا عبدالسمیع نے بھی خطاب کیا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com