لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ نے 5 نائب امیروں سمیت دیگر نئے مرکزی عہدیداروں کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق پروفیسر خورشید احمد، حافظ محمد ادریس، اسداﷲ بھٹو، راشد نسیم اور میاں محمد اسلم نائب امیر، لیاقت بلوچ سیکرٹری جنرل، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، حافظ ساجد انور، خالد رحمن اور محمد اصغر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جبکہ امیر العظیم کو سیکرٹری اطلاعات چنا گیا۔
منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی میں ذمہ داران کا تقرر کسی خاندانی اور نسلی تفاخر، جاگیرداری و سرمایہ داری اور شہرت کی بنا پر نہیں بلکہ خالصتاً صلاحیت اور اخلاص پر کیا جاتا ہے۔
جماعت اسلامی ہر لحاظ سے ایک اسلامی جمہوری جماعت کا نمونہ ہے جس کی تمام تر جدوجہد کا مقصد قرآن و سنت کی بالادستی اور عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مزدوروں، طلبہ، خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔