کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت نیشنل ہسپتال ومیڈیکل کالج کے زیر اہتمام شاہ فیصل کالونی میں جدید سروسز سینٹر کا افتتاح کردیا گیا، میڈیکل ڈائریکٹر لیاقت نیشنل ہسپتال ڈاکٹر سلمان فریدی نے شاہ فیصل کالونی میں سروسز سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ شاہ فیصل کالونی میں عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کو مد نظر رکھتے ہوئے لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج کی انتظامیہ نے سروسز سینٹر کے قیام کا تہیہ کیا اور آج الحمد اللہ شاہ فیصل کالونی میں لیاقت نیشنل ہسپتال کے تحت جدید طبی سروسز سینٹر کا آغاز ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہاکہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت مند زندگی کا فروغ لیاقت نیشنل ہسپتال کا عزم ہے انہوں نے کہاکہ انشا اللہ شہر کے تمام علاقوں میں سروسز سینٹر قائم کرینگے اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا شاہ فیصل سروسز سینٹر میں 15مئی تک تمام لیبارٹیرز ٹیسٹ پر 25فیصد اور ادویات پر 10فیصد رعائت ہوگی۔
لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے ربن کاٹ کر سروسز سینٹر شاہ فیصل کالونی کا افتتاح کیا اس موقع پر ڈاکٹرز ،فیکلٹی ممبران اور علاقہ عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی اس موقع پر سروسز سینٹر شاہ فیصل کالونی کی انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹر سلمان فریدی کو سروسز سینٹر شاہ فیصل کالونی میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا گیا اس سروسز سینٹر میں شاہ فیصل کالونی کے مکینوں کے لئے کنسلٹنٹ کلینکس ،لیبارٹریز سروسز ،فارمیسی سروسز ،فزیو تھراپی سروسز کے علاوہ الٹرا سائونڈ ،ای سی جی اور میمو گرافی کی سہولیات میسر ہونگی۔عوامی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس میں مزید اضافہ کیا جائیگا۔