لیاقت آباد میں بجلی کی عدم فراہمی پر مکین سڑکوں پر نکل آئے

Liaquatabad

Liaquatabad

کراچی (جیوڈیسک) لیاقت آباد میں بجلی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے سڑک بلاک کر کے احتجاجاً ٹائر نذر آتش کیے، احتجاج کے باعٖث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی صبح سے بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث علاقے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا جس پر علاقہ مکینوں نے متعلقہ دفتر پر جا کر شکایت بھی کی تاہم عملے کی جانب سے کوئی تلسی بخش جواب نہیں ملا، مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا۔

اور شہریوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شامل تھے لیاقت آباد کی مرکزی شاہراہ پر جمع ہو گئے اور سڑک بلاک کر کے مظاہرہ شروع کردیا، احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے ٹائر بھی نذر آتش کیے۔

احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی، بدترین ٹریفک جام ہو گیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ،پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور دو گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔