لاہور (جیوڈیسک) اسلامی جمعیت طلبہ نے گزشتہ روز لبرٹی چوک میں پشاور میں شہید ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور فاتحہ خوانی کی۔ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن آج چیئرنگ کراس میں شمعیں روشن کرے گی۔
علاوہ ازیں پیپلزپارٹی انسانی حقوق ونگ چار بجے سہ پہر لاہور پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کریگا۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ میں شام 5 بجے دعائیہ تقریب ہو گی۔ علاوہ ازیں پی ایف یو جے کے صدر رانا محمد عظیم کی کال پر سانحہ پشاور پر چیئرنگ کراس چوک میں شہداکی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔
اس موقع پر پی ایف یو جے اور پی یو جے کے عہدیداروں، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شمعیں روشن کیں۔ شہداکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔