لاہور (جیوڈیسک) لیبیا میں پھنسے مزید 259 پاکستانی پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچ گئے ، ایئرپورٹ پر استقبال کے لیے آنے والے اپنے پیاروں سے لپٹ لپٹ کر روتے رہے۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائر پورٹ پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے لیبیا میں محصور 259 پاکستانی پہنچے تو ان کے عزیز واقارب اُن کا خیر مقدم کرنے کے لیے موجود تھے، اپنے پیاروں کو زندہ سلامت دیکھ کر اُن کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے اور وہ اُن سے لپٹ لپٹ کر روتے رہے۔
وطن لوٹنے والوں نے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانے کے انتظامات انتہائی ناقص اور ناکافی تھے جس کے باعث انہیں شدید مشکلات سامنا کرنا پڑا۔ آنے والوں کا کہنا تھا کہ پرتشدد واقعات میں متعدد پاکستانی بھی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
کیمپوں سے نکلنا موت کو دعوت دینے کے مترادف تھا۔ لیبیا سے آنے والوں نے مطالبہ کیا کہ وہاں پھنسے باقی ماندہ پاکستانیوں کو واپس لانے کےلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔