طرابلس (جیوڈیسک) لیبیا کی پارلیمنٹ پر سابق فوجی جنرل کے مسلح حامیوں نے حملہ کرکے اسپیکر سمیت 7 ارکان پارلیمنٹ کو اغوا کرلیا۔ دارالحکومت طرابلس میں جدید ہتھیاروں سے لیس سادہ لباس حملہ آوروں نے پارلیمنٹ میں گھس کر شدید فائرنگ کی، فائرنگ کے باعث عمارت میں بھگدڑ مچ گئی۔
کئی ارکان ایوان سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تاہم حملہ آور اسپیکر پارلیمنٹ سمیت 7 ارکان کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حملہ لیبیا کے سابق فوجی جنرل خلیفہ ہفتار کے مسلح باغیوں نے کیا، جنرل ہفتار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کا مقصد ‘دہشت گرد’ گروہوں سے شہرکو پاک کرنا ہے جبکہ طرابلسی حکام نے اس کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو بغاوت قرار دیا ہے۔