طرابلس (جیوڈیسک) لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے بعد 82 لاشیں نکالی جاچکی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ دو کشتیوں میں سوار تقریباً پانچ سو مسافروں میں سے بیشتر کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
دل دہلادینے والے اس حادثے میں ہر طرف لاشیں بکھر گئیں، ریڈ کریسنٹ حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو روانہ ہونے والی پہلی کشتی میں تقریباً سو افراد اور دوسری کشتی میں تقریباً چار سو مسافر سوار تھے، ریسکیو آپریشن میں بیاسی لاشیں پانی سے نکال لی گئیں۔
حادثے کے فوراً بعد کئی لاشیں کوسٹ گارڈز کے پاس مناسب لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے نکالی نہ جاسکیں، ڈوب کر ہلاک ہونے والوں میں پاکستان، شام، مراکش اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ ایک سو اٹھانوے مسافروں کو بچالیا گیا، دو سو مسافر اب بھی لاپتہ ہیں۔ تارکین وطن کی کشتیاں جمعرات کو لیبیا کے ساحل کے قریب مرکزی لانچ پیڈ، زوارا کوسٹ چھوڑنے کے بعد ڈوب گئی تھیں۔