لیبیا (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے لیبیا بالخصوص سرت شہر میں متحارب فریقین کے درمیان فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پرپوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ لیبیا میں جاری تنازع کے حل کےحوالے سے فرانسیسی وزارت خارجہ اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ثمر آور بات مشاورت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرانس کی طرف سے لیبیا بالخصوص سرت میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہم بھی فرانس کے اس موقف کی تائید کرتے ہوئے لیبیا میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ تاکہ سول آبادی کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔
انور قرقاش کا کہنا تھا کہ لیبیا کے بحران کا فوری سیاسی حل ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے لیبیا میں غیرملکی مداخلت بند کرنا ہوگی۔
خیال رہے کہ فرانس نے چند روز قبل لیبیا میں ترکی کی فوجی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے اسے نا پسندیدہ قرار دیا تھا۔ فرانس کا کہنا تھا کہ لیبیا میں ترکی کو فوجی مداخلت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انقرہ کی طرابلس میں فوجی مداخلت نے لیبیا کے بحران کو مزید پیچیدہ کیا ہے۔