عمان (جیوڈیسک) لیبیا میں شدت پسندوں نے اردن کے سفیر کو اپنے ساتھی کی رہائی کے بدلے رہا کر دیا جس کے بعد وہ اپنے وطن اردن پہنچ گئے
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 15 اپریل کو لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے اغوا کئے جانے والے اردن کے سفیر رہائی کے بعد جب اپنے وطن پہنچے تو ان کا انتہائی شاندار استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کے بھائی کے ساتھ ان کے عزیز و اقارب اور سرکاری حکام کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی، میڈیا سے بات کرتے ہوئے سفیر فواز الایتان مارکہ کا کہنا تھا کہ اردن کی جیل میں سنگین جرم میں قید سعید الدرسی کے رشتہ داروں نے انہیں اغوا کیا تاہم اس دوران ان کے ساتھ کوئی ناروا سلوک نہیں کیا گیا۔
اردن کے پارلیمانی امور کے وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے دہشت گردی کے الزام میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے مجرم سعید الدرسی کو لیبیائی حکام کے حوالے کرنے کے بعد ہمارے سفیر کی رہائی عمل میں آئی۔