لیبیا میں فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں 38 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Libya

Libya

بن غازی (جیوڈیسک) لیبیا کے دوسرے بڑے شہر بن غازی میں سیکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تازہ جھڑپوں میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 38 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا لیبیا کے عسکری ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے شہر کے وسط میں واقع خصوصی فورسز کے ہیڈ کوارٹر پر اچانک حملہ کردیا جس میں متعدد فوجی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔

جبکہ دیگر علاقوں میں بھی جھڑپ کے دوران کئی افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔ دوسری جانب شدت پسندوں کی خود ساختہ شوریٰ کے ترجمان نے سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ تازہ جھڑپوں میں ان کے 8 جنگجو مارے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں سے فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری جھڑپوں کے باعث بن غازی کے کئی علاقوں سے لوگ نقل مکانی کرچکے ہیں جبکہ جھڑپوں کے دوران اب تک مجموعی طور پر 97 افراد ہلاک اور 400 زخمی ہوچکے ہیں۔