تونس (اصل میڈیا ڈیسک) تونس کے صدر قیس سعید نے کہا ہے کہ لیبیا کا واحد اور مناسب حل غیرملکی مداخلت کی روک تھام اور ملک کی وحدت میں پنہاں ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق تونس کے صدر قیس سعید نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی لیبیا کےلیے معاون خصوصی اسٹیفانی ویلیمزکے ساتھ ہونے والی ایک ملاقات کے دوران کیا۔ صدر سعید نے ‘یواین’ عہدیدار سے بات چیت میں تونس کی میزبانی میں آئندہ ماہ نومبر میں ہونے والی لیبی سیاسی قوتوں کی کانفرنس کی تیاریوں پر بھی بات چیت کی۔
تونس کے صدر قیس سعید نے اقوام متحدہ کی طرف سے لیبیا کے معاملے میں رابطہ کاری اور مشاورت کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اقوام متحدہ نے لیبیا کے بحران کےحل کے حوالے سے لیبی قوتوں کی سیاسی کانفرنس کی میزبانی کے لیے تونس کا انتخاب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم لیبیا کی تمام سیاسی قوتوں کو تونس میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
قیس سعید کا مزید کہنا تھا کہ تونس لیبیا میں جاری بحران کے حل اور لیبی سیاسی قوتوں میں اتحاد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔
ایوان صدر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر نے لیبیا کے موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لیے اپنے اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے۔ تونس لیبیا کی وحدت کا حامی ہے اور طرابلس میں عدم مداخلت کو بحران کا حل سمجھتا ہے۔
اقوام متحدہ کی مندوبہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تونس لیبیا کے بحران کے حل کی خاطر لیبیا کی سیاسی قوتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کرے گا۔