لیبیا کی متوازی حکومتوں کو امن مذاکرات کیلئے آخری موقع

Libya

Libya

جنیوا (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی کوششوں سے لیبیا کے متحارب گروپوں اور متوازی حکومتوں کے درمیان آج سے مذاکرات شروع ہو نے کا امکان ہے۔ اقوام متحدہ کے حکام ان مذاکرات کو امن کے لیے آخری امید سمجھ کر اہمیت دے رہے ہیں۔

مذاکرات اقوام متحدہ کے لیبیا کے لیے خصوصی نمائند ے برنارڈینو لیون کی زیر نگرانی ہوں گے ،یہ پیش رفت اس ناامیدی کے بعد ممکن ہوئی ہے جو منگل کے روز ایک فریق نے اپنی مذاکرات میں فوری شرکت مشکوک ظاہر کرکے پیدا کر دی تھی۔

مغربی ممالک توقع کر رہے ہیں کہ جنیوا مذاکرات لیبیا میں جاری طویل بحرانی صورتحال کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے واضح رہے شمالی افریقہ کے تیل پیدا کرنے والے اہم ملک میں اس کے مطلق العنان حکمران معمر قذافی کے بعد سے مسلسل خانہ جنگی چل رہی ہے۔

دریں اثناء یورپی یونین نے آج سے جنیوا میں امکانی طور پر شروع ہونے والے ان امن مذاکرات کو آخری موقع قرار دیا ہے، فریقین کے لیے دارالحکومت طرابلس پر کنٹرول کی جنگ کے علاوہ تیل کے وسائل پر قبضے کی خواہش بھی اس خانہ جنگی کا اہم سبب ہے۔