لیبیا کے کھلے سمندر میں دو کشتیاں ڈوبنے کے نتیجے میں 20 بچوں سمیت 100 سے زائد مسافر ہلاک

Libya Sea Boats Drowning

Libya Sea Boats Drowning

لیبیا (جیوڈیسک) لیبیا کے ساحل سے پناہ گزینوں کو یورپ لے کر جانے والی دو کشتیاں ڈوبنے کے نتیجے میں 20 بچوں سمیت 100 سے زائد مسافر ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے۔

امدادی ایجنسی میڈیسینا سینس فرنٹیئرز کے مطابق پناہ گزینوں کو لے کر جانے والی ان دو کشتیوں میں مجموعی طور پر 320 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل تھی۔

کچھ افراد نے ان کشتیوں کے ملبے کے ذریعے اپنی جان بچائی تو بقیہ کو لیبیا کے کوسٹ گارڈ نے بچایا۔

حادثے میں بچ جانے والے ایک خوش قسمت مسافر نے بتایا کہ ہماری کشتی پر 165 بڑے اور 20 بچے سوار تھے لیکن دوسری کشتی کی موٹر نے کام کرنا بند کردیا اور ہم نے سفر جاری رکھا تاہم کچھ دیر بعد ہماری کشتی ڈوبنا شروع ہو گئی۔

انہوں نے بتایا کہ جب کشتی ڈوبنا شروع ہوئی تو جن لوگوں کے پاس لائف جیکٹس تھیں یا جو تیرنا جانتے تھے، صرف وہ بچ جانے میں کامیاب ہوئے۔

بچ جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد انجن سے لیک ہونے والے ایندھن سے جل گئی جن کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق صرف 52 مسافروں کو بچایا جا سکا ہے البتہ لیبیا کی کوسٹ گارڈ سروسز کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے ان ڈوبنے والی کشتیوں کے 276 مسافروں کو ڈوبنے سے بچا لیا تھا تاہم اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔