لیبیا : مصراتہ شہر پر سرکاری فوج کا فضائی حملہ، ہلاکتوں کا خدشہ

Libya Attack

Libya Attack

طرابلس (جیوڈیسک) لیبیا کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی وفادار فورسز نے ملک کے تیسرے بڑے شہر مصراتہ پر اپنی مخالف ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں، لیبی فوج کے کرنل احمد میسمری نے کہا ہے کہ فجر لیبیا کی جانب سے مشرقی بندرگاہ السدرہ پر اتوار کی صبح قبضے کے لیے حملے کے ردعمل میں مصراتہ میں مختلف اہداف پر فضائی حملے کیے گئے ہیں۔

شہر کے مکینوں کا کہنا ہے کہ سرکاری طیاروں نے مصراتہ ائیرپورٹ کے نزدیک واقع ایوی ایشن اسکول ،بندرگاہ اور ایک اسٹیل پلانٹ کو بمباری میں نشانہ بنایا ہے۔ فجر لیبیا جمعرات سے السدرہ اور اس کے نزدیک واقع راس لانوف کی بندرگاہ پر قبضے کے لیے حملے کررہی ہے۔

ایک اسپیڈ بوٹ پر سوار فجر لیبیا کے جنگجوؤں نے السدرہ پر اچانک حملہ کر کے بائیس فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا۔السدرہ میں متحارب فورسز کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں تیل کے انیس میں سے سات ٹینک جل چکے ہیں۔

مختلف اسلامی جنگجو گروپوں پر مشتمل فجر لیبیا کی اس علاقے کی جانب پیش قدمی کے بعد السدرہ اور راس لانوف کی بندر گاہوں کو بند کیا جاچکا ہے۔ فجر لیبیا دارالحکومت طرابلس میں قائم اسلام پسندوں کی حکومت کے تحت ہے جبکہ ان بندرگاہوں پر طبرق میں قائم وزیراعظم عبداللہ الثنی کی حکومت کے تحت فورسز کا کنٹرول تھا۔