ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی زندگی پر فلم کے حوالے سے شائقین کی بے تابی مزید بڑھا دی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ کچھ عرصے سے کھلاڑیوں پر فلمیں بننے کا سلسلہ شروع ہوا تو ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی عندیہ دیا تھا کہ ایسی ہی فلم ان کی زندگی پر بھی بن سکتی ہے، جس کے بعد شائقین بیتابی سے ایسی فلم کا انتظار کرنے لگے مگر اب ثانیہ نے کہاکہ فی الحال تو میری کتاب2 ماہ میں آنے والی ہے، جہاں تک فلم کی بات ہے میری چند لوگوں سے بات ہوئی مگر اس کے اگلے 6، 7 ماہ میں بننے کا امکان نہیں بلکہ 2برس بھی لگ سکتے ہیں، فی الحال میں کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہوں اور بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے۔
اس کے بعد ہی زیادہ بہتر انداز میں فلم بنے گی۔ ثانیہ نے کہا کہ ٹینس کیلیے انتہائی حد تک فٹنس ضروری اور میں اس کیلیے جم میں بہت زیادہ وقت صرف کرتی ہوں، میں ویٹ بھی اٹھاتی ہوں مگر اس سے مسلز نہیں بنتے، ویسے بھی میں سمجھتی ہوں کہ مضبوط اور صحتمند انسان زیادہ دلکش ہوتا ہے۔ ایک سوال پر ثانیہ نے کہاکہ میں ابھی سے فرنچ اوپن کے بارے میں سوچ کر خود پر دباؤ نہیں بڑھانا چاہتی، گذشتہ سال میرے اور مارٹینا ہنگز کیلیے بہترین ثابت ہوا، 1، 2 ناکامیوں سے فارم خراب ہونے کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، حالیہ وقفے سے ہمیں تازہ دم ہونے میں مدد ملی اور اب ہم اگلے معرکوں کیلیے تیار ہورہے ہیں۔ڈوپنگ میں ملوث ہونے والی شراپووا کے بارے میں ثانیہ نے کہا کہ میڈیا کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کرنے کیلیے بہت ہمت درکار ہوتی ہے، ویسے اگر میرے ساتھ ایسا ہوتا تو میں بھی ایسا ہی کرتی۔