حضرت علی کی حیات طیبہ ہمارے لئے زندگی گزارنے کا عملی نمونہ ہے : سید سرفراز نقوی

Syed Sarfaraz Naqvi

Syed Sarfaraz Naqvi

لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید سرفراز نقوی نے لاہور میں حضرت علی کے یوم ولادت کی مناسبت سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت علی کی حیات طیبہ ہمارے لئے زندگی گزارنے کا عملی نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امیرالمومنین امام علی نے اپنی ساری زندگی اسلام کے بقا و ترویج میں گزاری اور اپنی حیات طیبہ میں اسلام کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو تاریخ میں عبرت کا نشان بنا کر چھوڑا ہے سید سرفراز نقوی نے تمام عالم اسلام کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی اگر سیرت حضرت علی پر عمل کیا جائے اور اسلام کو اپنے ذاتی مفادات پر قربان کرنے کی بجائے اسلام کے لئے ہر قسم کی قربانی دی جائے تو ملت مسلمہ ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم میں سے ہر شخص حضرت علی کے افکار پر چلے تو اسلام میں اٹھنے والے فتنوں کی آگ کو دبایا جا سکتا ہے۔ لہذا ہم سب پر فرض ہے کہ اہلبیت کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے آج اسلام کے لئے ہر قسم کی قربانی دیں اور آج کے دور کے سب سے بڑے فتنہ اسرائیل اور امریکہ اور ان کے نمک خواروں کو ذلیل و رسوا کریں۔