کراچی (اسٹاف رپورٹر) دربار عالیہ موہڑہ شریف (مری) کے خلیفہ اور نصرت اسلام پاکستان سندھ کے صدر صابر زمان نے کہا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ کے ذریعے تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ ہم سب کیلئے نمونہ ہے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس دنیا میں انسانیت کے لئے رحمت بن کر آئے ان کا جشن ولادت منانا محبت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی علامت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیماڑی میں محمد یار کی رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد و گیارہویں شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں موئے مبارک کی زیارت بھی کرائی گئی تھی، جبکہ محفل سے خطیب جامع مسجد کیماڑی علامہ غلام مصطفی ، سید ظہیر الحق، مولانا محمد شریف، محمد ادریس اور عبدالرزاق سنگی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا، خلیفہ صابر زمان نے مزید کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے پوری دنیا میں جہالت کا خاتمہ ہوا اور دنیا علم نور سے جگمگا اٹھی۔
ہمیں دامن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت اطہار کے در سے وابستگی اختیار کرنا ہوگی، کیونکہ خانوادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لئے ایسے رہنما اصول چھوڑے جن کو اپنا کر ہر دور کا انسان کامیابی سے ہمکنار ہوسکتاہے،انہوں نے کہا کہ دینی اور عصری تعلیم کا حصول عین عبادت ہے۔
لیکن آج مسلمان تعلیمات اسلامی سے دور ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے ہر طرف بے راہ روی کا دور دورہ ہے اور معاشرتی برائیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں، لہٰذا تمام مسلمان خصوصاََ مریدین و معتقدین موہڑہ شریف حصول علم کی جدوجہد جاری رکھیں۔