لندن (جیوڈیسک) اداکارہ تاپسی پنوں بے باک انداز میں بات کرنے کے لیے مشہور ہیں چاہے وہ سیاست ہو یا خواتین سے متعلق موضوعات وہ ہر جگہ کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں۔
حال ہی میں بی بی سی کو دئیے گئے انٹرویو میں تاپسی پنوں نے اپنے ارد گرد موجود لوگوں اور اپنے ملک کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر ملک کی خامیاں اورخوبیاں ہوتی ہیں لہٰذا یا تو میں ان خامیوں کو لے کر بیٹھ جاؤں اور اسی پر تنقید کرتی رہوں یا پھر اگر میں کچھ اچھا کرسکتی ہوں تو وہ کروں۔ تاپسی نے کہا میں گلاس آدھا خالی دیکھنے کے بجائے آدھا بھرا ہوا دیکھنا پسند کرتی ہوں۔
اداکارہ تاپسی پنوں نے اپنی آنے والی فلم’’سانڈ کی آنکھ‘‘کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہ اس فلم میں اداکیا جانے والا کردار ان کے کیریئر کا اب تک کا مشکل ترین کردار ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ تاپسی پنوں نے ’’ملک‘‘،’’پنک‘‘،’’نام شبانہ‘‘،’’جڑواں2‘‘جیس فلموں میں ہر طرح کے کردار اداکیے ہیں، لیکن ابھی تک کامیڈی کردار میں نظر نہیں آئیں۔ اس حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ انہیں وہ لوگ پسند ہیں جن کی حس مزاح بہت اچھی ہوتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ دوسروں کا مذاق اڑائیں۔ بلکہ آپ خود پر کیے جانے والے مذاق کو کس حد تک برداشت کرسکتے ہیں یہ بھی حس مزاح کا حصہ ہوتاہے۔