ممبئ (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ الیانا ڈی کروز جو فلم میں تیرا ہیرو ‘‘ میں مرکزی کردار میں جلوہ گر ہورہی ہیں اور انھوں نے اس فلم کے گانے ’’بے شرمی کی ہائٹ‘‘ پر دل موہ لینے والے رقص کا مظاہرہ کیا ہے کا کہنا ہے کہ وہ اسکرین پر ڈانس کرتے ہوئے خود کو خوفزدہ محسوس کرتی ہیں بھارتی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں رقاصہ نہیں بلکہ عام زندگی میں ایک شرمیلی لڑکی ہوں۔
اس لیے میں بہت زیادہ نروس ہوجاتی ہوں اس کے باوجود میں چند لمحوں کے لیے بہترین رقص کر سکتی ہوں ۔ الیانا کا کہنا تھا کہ ورن دھون نے ’’میں تیرا ہیرو‘‘ کی عکس بندی کے دوران میری اس کیفیت کو محسوس کر لیا تھا اور انھوں نے مجھے بہت زیادہ مدد فراہم کی۔ فلم کی عکسبندی کے دوران نرگس فخری کا بھی ساتھ اچھا رہا وہ ایک اچھی اداکارہ ہے اور اس میں آگے بڑھے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔ سائوتھ کی فلم انڈسٹری سے بالی ووڈ میں فلم برفی سے انٹری دینے والی اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں فلموں میں عام کرداروں کے بجائے کچھ خاص کرنا چاہتی ہوں اور اس کا اکثر اظہار بھی کرتی رہی ہوں اسی لیے میں نہیں سمجھتی کی مجھے فلم حاصل کرنے کے لیے کسی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھاکہ مجھے سائوتھ کی فلموں سے گلیمرس اداکارہ کی پہچان ملی اور میں اس طرح کا جو بھی کردار ملے اچھے طریقے سے ادا کرتی ہوں تاہم یہ ہدایتکار پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ مجھے کس روپ میں دکھانا چاہتا ہے۔ دوسری طرف بھارتی میڈیاکے مطابق الیانا ڈی کروز ان دنوں اپنی فلم ’’ میں تیرا ہیرو‘‘ کی تشہری مہم میں مصروف ہیں اور گزشتہ روز انھوں نے فلم کے ہیرو ورون دھون کے ساتھ ممبئی کے ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔