لاہور: موجودہ دور میں ہر شعبہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے تعلیم کی دولت سے مالا مال ہونے کی اشد ضرورت ہے،تعلیم یافتہ قومیں ترقی کی منازل تیزی سے طے کررہی ہیں دنیا میں وہی قومیں سرفراز ہوتی ہیں جو علم کی دولت سے مالا مال ہوں، جدید سائنسی علوم کے ساتھ بچوں کی اخلاقی تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہارکالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے کیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی ملک اور معاشرے کی ترقی کی ضامن ہوتی ہے، نا خواندہ اقوام ہمیشہ غربت اور پسماندگی سے دو چار ہوتی ہیں اور ان کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرے اور انہیں بھی سرکاری سکولز کی طرح مفت کتابیںودیگر سہولیات فراہم کر کے اور بھی بہتر نتائج حاصل کرے۔ایم اے تبسم نے کہاکہ والدین اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے بچوں کو اچھا تعلیمی ماحول فراہم کریں ، کیبل اور موبائل کے برے اثرات سے بچاتے ہوئے ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔