ملکہ ترنم نورجہاں فن گائیکی کا وہ سرمایہ ہیں کہ جنہیں دل یاد کرنے کے بہانے ڈھونڈتا ہے۔ ملکہ ترنم نورجہاں برصغیر کی وہ گلوکارہ ہیں جنھیں سن کر دل کے تار بج اٹھتے ہیں۔ آواز اتنی مدھر اور سریلی کے انہیں سننے والے سنتے ہی رہ جائیں۔ قدرت نے سروں کی ملکہ کو دلوں میں گھر کر جانے والی آواز سے نوازا۔
نور جہاں الفاظ کی ادائیگی اور سر کے اتار چڑھا میں اپنا ثانی نہیں رکھتی تھیں۔ ملکہ ترنم نور جہاں کے گائے ہوئے گانوں کو فلموں کی کامیابی کی ضمانت تصور کیا جاتا تھا۔ فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد آج بھی ان کی یادوں میں کھو جاتے ہیں۔
نورجہاں کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پہچان بنے۔ اردو اور پنجابی میں گانوں کے ساتھ ساتھ میڈیم نے اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔ ملکہ ترنم نورجہاں آج ہم میں موجود تو نہیں تاہم ان کے گائے ہوئے گیت آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔