روشنیوں کا شہر کراچی حکمرانوں کی بے حسی کے باعث اندھیروں میں تبدیل ہورہا ہے،مولانا فضل الرحمن ،چوہدری خورشید زمان
Posted on March 8, 2013 By Geo Urdu کراچی
جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی تحریک تحفظ پاکستان کے جنرل سیکریٹری چوہدری خورشید زمان سے انکی رہائش گاہ پر ملا قات بعد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ روشنیوں کا شہر کراچی حکمرانوں کی بے حسی کے باعث اندھیروں میں تبدیل ہورہا ہے ہر طرف چیخ و پکار ہے،قتل و غارت گری ہو رہی ہے،جلا گھیرا ہے لیکن کوئی ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔
نا اہل اور کرپٹ حکمران ذاتی مفادات اور جوڑ توڑ میں مصروف ہیں،جنازے اٹھانا اور اپنے پیاروں کے بچھڑ جانے پر ماتم کرنا عوام کا مقدر بن گیا ہے اس موقعہ پر چوہدری خورشید زمان نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا معاشرہ انتہا پسندی کی آگ میں جل رہا ہے اور اسکے خاتمے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔
حکومت ہاتھوں سے مصلحت کے دستانے اتارنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے اور قانون کی روایت کا معاشرے سے اٹھنا ایک المیہ سے کم نہیں ،ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ قتل و غارت گری میں ملوث عناصر کا کھوج لگا کر دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے جبکہ کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے تسلسل کو ملی و قومی یکجہتی کو نقصان کی ایک منظم سازش ہے۔ شہر قائد کے حالات باقی ملک کو متاثر کرتے ہیں لہذا ملک کے دیگر علاقوں کو پر امن رکھنے کیلئے بھی کراچی میں امن کا قیام لازم ہے۔