نئی دہلی (جیوڈیسک) آئی پی ایل ٹیم دہلی ڈیر ڈیولز کے جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ محدود اوورز کے مقابلے ہی ایک بولر کو بہتر بننے میں مدد دیتے ہیں۔
انھوں نے ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا اب وہ آئی پی ایل کیلیے بھارت میں موجود ہیں، عمران طاہر نے گذشتہ برس ڈیر ڈیولز کو جوائن کیا تھا۔
وہ کہتے ہیں کہ محدود اوورز کی کرکٹ کافی مشکل ہے، اس میں اندرونی سرکل میں پانچ فیلڈرز موجود ہوتے ہیں لیکن ٹوئنٹی 20 میں اسپنرز اہم کردار ادا کرسکتے اور یہی چیز ان کو بہتر سے بہتر بننے میں مدد دے سکتی ہے۔
پہلے کی بانسبت موجودہ کرکٹ میں آپ کو ہر شعبے میں ماہر ہونے کی ضرورت ہوتی ہے، ٹوئنٹی 20 میں بیٹسمین آپ کے خلاف اٹیک کرتے ہیں، اس لیے جہاں بولرز کیلیے چیلنجز زیادہ ہوتے وہیں ان کے پاس بیٹسمین کو قابو کرنے کے چانسز بھی بہت ہوتے ہیں، میں آئی پی ایل میں بھی بہترین کارکردگی کیلیے پراعتمادہوں۔