مظفرنگر/کوٹلی (جیوڈیسک) بھارتی فورسز کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ نکیال اور گوئی سیکٹر پر فائرنگ سے دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی افواج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔نکیال سیکٹر پربھارتی فوج نے آج بھی شدید گولہ باری کی جس پر پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب الصبح لائن آف کنٹرول پرنکیال سیکٹر پر شدید گولہ باری کی گئی۔جس میں آبادی کو نشانہ بنایا گیا،تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بھارتی جارحیت کے بعد پاک فوج کیجانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے2؍ اور شہری شہید اور 2 خواتین سمیت 6؍ افراد زخمی ہو گئے، نکیال سیکٹر کے گائوں ڈیسی کے ایک گھر میں بھارتی گولہ گرا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی، گولہ گرنے محمد شفیع موقع پر شہید ہو گیا جبکہ 2؍ خواتین سمیت 4؍ افراد زخمی ہوئے۔
ادھر حاجی پیر سیکٹر میں خاتون بھارتی حارجیت کا نشانہ بن گئی اور 2؍ افراد زخمی ہوئے، پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی فائرنگ کی جس سے دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں جبکہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 3؍ بھارتی شہری ہلاک ہو گئے۔
ادھر پاکستان نے بلااشتعال فائرنگ کی الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت اور اقوام متحدہ سے شدید احتجاج کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی فائرنگ کی جس سے دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں۔