نئی دہلی (جیوڈیسک) ایک تو چوری اوپر سے سینا زوری، بھارتی آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا اعتراف کر لیا لیکن پاکستان کو اس کا مورد الزام ٹھہرا دیا۔
بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا اعتراف تو کر لیا، لیکن ان کا دعویٰ ہے کہ ایل او سی کی خلاف ورزی میں پہل پاکستان کرتا ہے۔
بکرم سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان ایل او سی خلاف ورزی کرے گا تو ہم چپ کر کے نہیں بیٹھے گے، ہم بھی جوابی کاروائی کریں گے۔ بھارت نے ایک بار پھر پاکستان پر کنٹرول لائن پر دراندازوں کی مدد کا الزام عائد کیا ہے۔
بکرم سنگھ نے کہا کہ پاکستانی میڈیا کی جانب سے مظفر آبا د میں سیز فائر کے معاہدے کی خلاف ورزی کا بھارت پر الزام بے بنیاد ہے۔ پاکستان 2003 سے اب تک کئی بار اس معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے دورہ پاکستان سے متعلق سوال پر بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اس کے بارے میں منموہن سنگھ خود ہی بتا سکتے ہیں۔