لائن سٹاف کی زندگیوں کو دائو پر لگانے کی بجائے آئیسکو میں فی الفور بھرتی شروع کی جائے

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد: ایٹمی ملک ہونے کے باوجود جمہوری گورنمنٹ کا کشکول لیے IMF سے قرضہ مانگنا باعث شرم ہے ۔ پاکستان کے معاملات میں غیر ملکی دبائو نا قابل قبول ہے۔ آئیسکو لیبر یونیٹی کرپشن فری پاکستان کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پاک فوج کی قربانیاں پوری دنیا مانتی ہے۔

جنرل راحیل شریف کے درست اقدامات نے ملک سے دہشت گردی کاخاتمہ کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب، اسلام آباد کے باہر آئیسکو لیبر یونیٹی کے عہدیداران نے احتجاجی مظاہرہ میں کیا۔ لیبر یونیٹی کے صدر عاشق خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کے سخت موسم میں سٹاف کی کمی اور کام کے اضافہ بوجھ کی وجہ سے آئیسکو لائن سٹاف کی زندگیاں دائو پر لگ گئیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایمپلائی سن کوٹہ اور دیگر کوٹے کے تحت آئیسکو میں بھرتی کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔چیئرمین لیبر یونیٹی لالہ رحیم نے اس موقع پر کہا کہ آئیسکو صف اول کی کمپنی ہے اور ریکوری سب سے زیادہ اور لائن لاسز سب سے کم ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی اور آئیسکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اعلی کارکردگی پر آئیسکو ملازمین کو عید پر بونس دیا جائے۔ آئیسکو لیبر یونیٹی کے وائس چیئرمین لالہ یعقوب نے اس موقع پر کہا کہ حکومت بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کر نے کے ساتھ ساتھ تمام کیڈر کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کرے۔

زونل چیئرمین لیبر یونیٹی ندیم الخیری اور سمیع اللہ نے احتجاجی مظاہرہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انقلاب کی ضرورت ہے اور حکومت کی جانب سے IMF کے دبائو پر پالیساں بنانا غلط ہے۔ نائب صدر آئیسکو لیبر یونیٹی ملک رمضان اور مبارک شاہ نے آئیسکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے تمام آئیسکو ملازمین کی اپ گریڈیشن، پروموشن، ٹریننگ، TA/DA اوور ٹائم ، میڈیکل بل کی فوری ادائیگی، پنشن اور دیگر مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔ احتجاجی مظاہر ہ میں نائب صدر لیبر سردار ریاست ، کاشف جعفری،، قاضی انعام سمیت آئیسکو ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔