وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) چیف ایگزیکٹو گیپکوچوہدری محمد اکرم نے کہا ہے کہ لائنوں پر کام کے دوران گیپکو کے محنتی اورجفاکش کارکنوں کی شہادت محکمہ کیلئے ایک نا قابلِ تلافی نقصان ہے۔لائن سٹاف محکمہ کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی تدبیر پر سختی سے عمل کرے
۔یہ بات انہوں نے دورانِ ڈیوٹی لائن پر کام کرتے ہوئے شہید ہونے والے گیپکوملازمین کی ر ہائش گاہوں پراُ ن کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کی۔ چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد اکرم شہید ہونے والے لائن مین محمد اشفاق کے گائوں ہرپال اور اسسٹنٹ لائن مین محمد عارف کے گائوں وڈیاں والی گئے اور انفرادی طور پردونوں ملازمین کی بیوگان کو 25,25لاکھ روپے اور ایک سال کی ایڈوانس تنخواہ کے برابر چیک دیئے جبکہ د یگر واجبات کی فوری ادائیگی کا اعلان بھی کیا۔چیف ایگزیکٹونے کہا کہ محکمہ میں حادثات کی روک تھام کیلئے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں سپریٹنڈنٹ انجینئرکی سربراہی میں ایک خصوصی سیفٹی ڈائریکٹوریٹ قائم کر دیا گیا ہے جو آئندہ اس طرح کے حادثوں کی روک تھام کیلئے مزید سخت قوائد و ضوابط بنائے گا اور لائن سٹاف کی ٹریننگ اور پروموشن کے طریقہ کار کو بھی مزید سخت بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گیپکو سے ایسے حادثات کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن لائحہ عمل اختیار کیا جا رہا ہے، لائن سٹاف گیپکو کا سرمایہ ہیں اور اس سرمائے کا اس طرح سے ضیاع ہونا کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں ہے ۔انہوں نے مرحومین کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دُعا بھی کی۔اس موقع پر جنرل مینجر آپریشن ہارون الرشید، چیف انجینئر خالد پرویز، ایس ای سیالکوٹ پرویز اقبال، ایکسیئن حبیب اللہ، محمد عابد چوہدری ، محمد جہانگیر رانا،واپڈا ہائیڈرو یونین کے جنرل سیکرٹری ولی الرحمن خاں، عبدالرزاق جٹھول و دیگر بھی اُن کے ہمراہ تھے۔